رحیم یار خان؛ ضلع میں ذہنی معذور ی سے متاثر بچوں کی بحالی کے پہلے سنٹر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

50

رحیم یار خان،20 اگست (اے پی پی ):ضلع میں ذہنی معذور ی سے متاثر بچوں کی بحالی کے پہلے سنٹر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے ، ذہنی معذوری میں مبتلا بچوں نے ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی کے ہمرا ہ عمارت کاسنگ بنیاد رکھا، شیخ زید پبلک سکول اینڈ کالج میں ضلع کے پہلے آٹزم سنٹر کی تعمیر کی جا رہی ہے،سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اجتماعی دعا مانگی گئی جبکہ ڈپٹی کمشنر نے بچوں کو مٹھائی کھلائی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے کہا کہ ذہنی معذور بچوں کے بحالی مرکز کی تعمیرضلعی انتظامیہ اپنی مدد آپ اورمخیر حضرات کے تعاون سے کر رہی ہے،ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ خصوصی بچوں کی بہتری کے لئے کام کریں،اللہ تعالیٰ ہمیں ہمت دے کہ ہم خصوصی بچوں کی خدمت اور انہیں سہولیات فراہم کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ خصوصی  بچوں کی خدمت باعث مسرت اور عظیم کام ہے، ذہنی معذور بچوں کی بحالی مرکز کی عمارت ایک ماہ کی قلیل مدت میں تیار کی جائے گی۔

 ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا، پرنسپل شیخ زید سکول نجیب اللہ خان سمیت ڈی او سپیشل ایجوکیشن بہاولپور میڈم انیلہ چوہان، فوکل پرسن عرفان احمد بھی تقریب میں موجود تھے ۔