جوہر آباد۔ 21 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا نے کہا ہے کہ ملک کی سالمیت اور امن اولین ترجیح ہے۔ملک کا قانون اوراسلام اقلیتوں کو تحفظ دیتا ہے۔گرجا گھروں اور مسیحی آبادی پر حملہ کرنا یاجلا نا شدت پسندی اور ملک کے امن کو خراب کرنے کی سازش ہے۔ فساد پھیلانے کی مکمل حوصلہ شکنی کی جائیگی ان کا تعلق کسی بھی مذہب،مسلک یا گروہ سے ہو۔ڈپٹی کمشنر ضلعی امن کمیٹی اور بین المذاہب کمیٹی کے ممبران کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں ڈی پی او خوشاب شائستہ ندیم،اے ڈی سی (جی) احمد صہیب،اسسٹنٹ کمشنر خوشاب ملک محمد اعجاز،ڈی ایس پی سپیشل برانچ عبد الرحمن،ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ،پادری نفیس طارق کے علاوہ دیگر ممبران کمیٹی نے اجلاس میں شرکت کی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب شائستہ ندیم اور اے ڈی سی (جی) احمد صہیب نے کہا کہ آئین پاکستان کے تحت مذہبی مقامات اور اقلیتوں کے جان ومال کو نقصان پہنچانا جرم ہے لہذا حکومت مجرموں کو ضرو ر کیفر کردار تک پہنچائے گی۔مولا نا محمد زبیر اور مولا نا رانا محمد سلیم الرحمن نے مسیحی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہا کیا۔ اجلاس میں دیگر کمیٹی ممبران نے بھی مسیحی برادری سے مکمل اظہار یکجہتی اور المناک سانحہ پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے آپس میں محبت اور اتحاد و اتفاق سے رہنے کی تلقین کی۔پادری نفیس طارق اور ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ نے کہا کہ ہمیں مسلم برادری اور حکومت پا کستان پر مکمل اعتماد ہے وہ اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ ہمارے امن،اتحاد اور ملک کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ہے جسکی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں۔











