بدین؛ماں کے دودھ کی اہمیت سے متعلق ورلڈ فوڈ پروگرام کا پی پی ایچ آئی میں سیمینار کا انعقاد

95

بدین،24 اگست (اے پی پی): ماں کے دودھ کی اہمیت کے متعلق عالمی سطح پر یہ اگست کا مہینہ منایا جا رہا ہے، اس سلسلہ میں ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کی طرف سے پی پی ایچ آئی بدین میں سیمینار بھی منعقد کیا گیا۔

 سیمینار میں ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی بشیر احمد عباسی ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر ظہیرالدین میمن ، چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر ظہور احمد عباسی ، ڈبلیو ایف پی پروگرام افسر ڈاکٹر ساجدہ عباسی ، ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر پی پی ایچ آئی آصف علی انصاری اور دیگر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی پی ایچ آئی سندھ میں صحت کی سہولیات مہیا کرنے کے ساتھ ماں کے دودھ کی اہمیت کے متعلق ہر چھوٹے بڑے شہر اور دیہات میں آگاہی دیتی رہتی ہے اس سلسلے میں پی پی ایچ آئی کا نیوٹریشن پروگرام بھی کامیابی سے چل رہا ہے۔

پی پی ایچ آئی ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون سے ضلع بدین میں 6 نیوٹریشن فیسیلیٹریشن سینٹر چلا رہی ہے جس میں حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کے لیئے خوراک کے ساتھ سہ ماہی وظیفہ بھی دیا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو 6 ماہ تک صرف ماں کا دودھ پلایا جائے اس کے بعد ڈاکٹر کے مشورے سے ماں کے دودھ کے ساتھ ہلکی غذا بھی دی جا سکتی ہے ،انہوں نے کہا کہ دین اسلام ،دین فطرت ہے۔

 دنیا میں ماں کے دودھ کا کوئی بھی نعم البدل نہیں ہے ماں کا دودھ بہت ساری بیماریوں کے خلاف لڑنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ،دودھ پلانے سے بریسٹ کینسر کا خطرہ کم ہو جاتا ہے ۔ دیہات کے مقابلے میں شہر کی خواتین بچوں کو دودھ کم پلاتی ہیں یہی وجہ ہے کہ شہری علاقوں میں بریسٹ کینسر زیادہ جبکہ دیہات میں کم پایا جاتا ہے۔

 سیمینارمیں خطاب کرتے ہوئے صحت کے متعلق معلومات رکھنے والے ماہرین نے کہا کہ ماں اپنے بچے کو ہر دو گھنٹے کے بعد 8 سے 10 منٹ تک دودھ ضرور پلائے، انہوں نے کہا کہ دودھ کی اہمیت کے متعلق ماوں کو سمجھانہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، ہمارے سمجھانے سے اگر سو میں سے پانچ مائیں بھی عمل کرتی ہیں تو یہ ہم سب کی کامیابی ہے ۔

سیمینار میں ڈسٹرکٹ انفارمیشن افسر سرفراز سموں ، ڈاکٹر شہزاد ملاح ، مرف کے ضلع افسر سعید آفریدی ، ڈاکٹر کامل میمن، ڈاکٹر زاہد زنﺅر، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور دیگر خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔