لاہور، 24اگست (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان میں نئی تعینات ہونے والی برٹش ہائی کمشنر جین میریٹ (Jane Marriott) نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، تجارت اور ماحولیاتی تبدیلیوں سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے نئی تعینات ہونے والی برٹش ہائی کمشنر کو خوش آمدید کہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ برطانیہ یورپ میں پاکستان کا اہم ترین اقتصادی و شراکت دار ہے۔انہوں نے کہا کہ یو کے کی ترجیحی تجارتی سکیم (UK Preferential Trade Scheme) میں پاکستان کی شمولیت خوش آئند اقدام ہے اور اس سے دو طرفہ تجارت کو مذید فروغ ملے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں برطانوی سرمایہ کاروں کے لیے ٹیکسٹائل اور زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان بہت متاثر ہوا ہے اور پاکستان کو پچھلے سال موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے مختلف حصوں میں بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زراعت پرموسمیاتی تبدیلیوں کے برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے برطانوی حکومت کی امداد کے شکرگزار ہیں اورتعلیم کے شعبے میں برطانوی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کئی پاکستانی طلبا برطانیہ کی یونیورسٹیوں میں اعلی تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کے آئین کے مطابق تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق دینے پر یقین رکھتی ہے۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے نئی تعینات ہونے والی برطانوی ہائی کمشنر کو روایتی چادر پہنائی اور سوینئر بھی پیش کیا۔
اس موقع پر نئی تعینات ہونے والی برٹش ہائی کمشنر جین میریٹ (Jane Marriott) نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کار ی سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔











