لاہور، اگست 24(اے پی پی): گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں انجمن تاجران کے وفد نے صدرانجمن تاجران وممبر لاہورچیمبرمجاہد مقصودبٹ کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے گورنر پنجاب کو تاجربرادری اور مارکیٹوں کے حوالے سے درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ تاجر برادری نہ صرف ٹیکس دے کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار اداکر رہی ہے بلکہ کئی گھرانوں کو روزگار دینے کا ذریعہ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروبار اور صنعت و حرفت کی ترقی سے معیشت کا پہیہ چلتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت ملک کی معیشت کی مضبوطی اور صنعت و تجارت کے فروغ کے لئے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ کاروباری برادری معاشی ترقی میں حصہ ڈالنے کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی پیش پیش ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ معاشرے میں جو لوگ انسانیت کی بہتری کے لئے کام کرتے ہیں وہ کسی نیکی سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب کو مل کر ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے مجاہدمقصود بٹ کی انجمن تاجران کے حوالے سے خدمات کو بھی سراہا۔
صدرانجمن تاجران وممبر لاہورچیمبرمجاہد مقصودبٹ نے کہا کہ گورنر پنجاب تاجربرادری کے مسائل حل کرانے کے لئے ایک پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب نے ہمیشہ تاجربرادری کا بھرپور ساتھ دیا ہے ۔گورنر پنجاب نے تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر صدرانجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ نے انجمن تاجران کی جانب سے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو شیلڈ پیش کی۔ وفد نے گورنر پنجاب کو مارکیٹوں کے دورے کی دعوت بھی دی۔











