ڈیرہ غازی خان، 25 اگست(اے پی پی):ڈیرہ غازیخان میں خود ساختہ مہنگائی خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے احکامات کے بعد منڈیوں میں نیلامی کی مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے سبزی و فروٹ منڈی سرور والی کا دورہ کیا اور پیاز،ٹماٹر،دھنیا،بیگن،آلو کی نیلامی کا خود جائزہ لیا۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر منڈیوں میں اصلاحات کیلئے متحرک ہیں اور مہنگائی کےاس دور میں عوام کو ریلیف دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ٹرانزٹ پوائنٹ ہے یہاں سے سبزی و پھل دیگر شہروں کو سپلائی کئے جاتے ہیں،نیلامی عمل کی انسپکشن کے ساتھ مانیٹرنگ عمل میں بھی شفافیت لائی جائیگی اور منظم حکمت عملی کے تحت عوام کو حقیقی ریلیف دلائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی کہ منڈی میں صفائی و ستھرائی عمل میں مزید بہتری لائی جائے اور صفائی عمل میں بہتری نہ آئی تو ٹھیکہ منسوخ کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں معاملات بہتری کیلئے منڈیوں کے دورے کرتا رہوں گا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسد چانڈیہ، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی محمد صادق،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگری مارکیٹنگ طاہر جلیل،ڈی او انڈسٹریز اصغر صدیقی بھی ان کے ہمراہ تھے۔











