اٹک؛پولیس کا منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاﺅن،12 کلو سے زائد منشیات برآ مد

21

اٹک ،25 اگست(اے پی پی): اٹک پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاون ، 9 بدنام زمانہ منشیات فروش گرفتار۔12 کلو سے زائد منشیات برآمد کر لی گئی۔

 ڈی پی او اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے ضلع بھر کے تھانہ جات کو منشیات فرشوں کے خلاف بڑے کریک ڈاون کا حکم دیا جس پر تھانہ باہتر کے اے ایس آئی عامر سجاد نے دوران چیکنگ محمد اعجاز ساکن جبی کسراں تحصیل فتح جنگ سے 3000 گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

 تھانہ فتح جنگ کے ایس آئی طارق محمود نے بدنام زمانہ غیر ملکی منشیات فروش ولی خان ساکن افغانستان حال حطارفتح جنگ سے 1750 گرام چرس بر آمد کر کے ملزم کو آہنی زیور سے آراستہ کر دیا اسی طرح تھانہ صدر حسن ابدال کے سب انسپکٹر طارق محمودنے نثار احمد ولد سردار محمد سکنہ اسلام آباد سے دوران تلاشی 1639 گرام چرس بر آمدکر لی ،تھانہ صدر حسن ابدال پولیس نے امجد خان ساکن غرشین تحصیل حسن ابدال سے 1100گرام چرس بھی بر آمد کر لی جبکہ منشیات کے خلاف کریک ڈاون میں تھانہ رنگو کے اے ایس آئی امجد علی نے عمر حیات سکنہ ویسہ تحصیل حضرو سے 1460گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔

 دوسری جانب تھانہ جنڈ کے اے ایس آئی عنایت علی نے واجد علی سکنہ محلہ ڈھاڈیاں جنڈ سے1300گرام چرس برآمد کر لی، ایک کاروائی میں تھانہ پنڈی گھیب کے ایس آئی ضیاءمحمود بٹ نے منشیات کے سوداگرمحمد سعدیس سکنہ ماینوالہ تحصیل پنڈیگھیب سے1260گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو پابند سلاسل کر دیا۔

 منشیات کے خلاف دئیے گئے ٹاسک میں تھانہ صدر اٹک پولیس نے غریب نواز ساکن اڑانگ اٹک سے 510 گرام چرس برآمد ہونے پر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ فتح جنگ پولیس نے محمد ندیم ساکن ڈھوک سلو تحصیل فتح جنگ سے 20 لیٹر شراب برآمد ہونے پر ملزم کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لئے گئے۔ڈی پی او اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے منشیات کے سوداگروں کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اٹک ضلع کو منشیات سے پاک کر کے منشیات فروشوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لینگے۔