اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):عالمی جونیئر اسکواش چیمپئن محمد حمزہ خان نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔ حمزہ نے حال ہی میں میلبورن، آسٹریلیا میں منعقدہ ورلڈ جونیئر (انڈر 19) اسکواش چیمپئن شپ جیتی ہے۔پاکستان نے یہ اعزاز 36 سال بعد حاصل کیا ہے جو پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔ہفتہ کو پاکستان نیوی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف نے نوجوان چیمپئن کو ٹائٹل جیتنے اور ملک کا نام روشن کرنے پر مبارکباد دی۔ نیول چیف نے حمزہ کی کاوشوں کو سراہا اور بھرپور لگن اور عزم کے ساتھ مستقبل کے اسکواش مقابلوں میں شرکت کے لیے حوصلہ افزائی کی۔حمزہ خان کی شاندار کامیابی کے اعتراف میں نیول چیف نے نوجوان چیمپئن کو 5 لاکھ روپے کے نقد انعام اورکراچی میں پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس کی مفت لائف ٹائم ممبرشپ دی۔حمزہ خان نے ملک میں اسکواش کے فروغ میں غیر متزلزل تعاون پر امیر البحر اور پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن نیشنل اور انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپس کا باقاعدگی سے انعقاد اس کھیل کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔











