عارف والا؛یوم دفاع کے سلسلہ میں پرچم کشائی تقریب

38

عارف والا ، 06 ستمبر (اے پی پی ):یوم دفاع پاکستان کے سلسلہ میں میونسپل کمیٹی ہال کے سامنے  پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر  ملک محمد افضل  نے انجمن تاجران، ایجوکیشن آفیسرز اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے  افراد کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور ملکی سلامتی استحکام اور امن کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ تقریب میں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں  نے مہمانان گرامی کو سلامی دی ۔

 بعدازاں  تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا جس کی سعادت گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر 1 عارفوالا اور دارالفلاح آرفنج سکول کے طلبہ نے حاصل کی اور ملی نغمہ بھی پیش کیا۔

 اسسٹنٹ کمشنر عارفوالا ملک محمد افضل  نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو دشمن ملک بھارت نے وطن عزیز پر حملہ کر دیا تھا لیکن ہماری پاک فوج نے اس حملے کا منہ توڑ جواب دیکر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، ہمارے سپوتوں نے شجاعت اور بہادری کے ایسے جوہر دکھائے کہ ہر محاز پر دشمن کو شکست سے دوچار کر دیا گیا،  6 ستمبر 1965 کی جنگ میں پاک فوج کے افسران اور نوجوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے شہادت کے منصب پر فائض ہوئے جنکی لازوال قربانیوں کو قوم کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتی۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی انکھ نوچ لیں گے  ہماری سرحدوں کی حفاظت کرنے والی افواج پاکستان کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔

 تقریب میں ٹی ایم او میونسپل کمیٹی چوہدری محمد ندیم ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر عارفوالا محمد سلیم ، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی وحید علوی سمیت سرکاری ملازمین،تاجران ۔صحافیوں  اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض  ہیڈ  ماسٹر ارشاد باری نے سرانجام دئیے۔

 تقریب کے اختتام پر  ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے ڈاکٹر شیخ محمد سعید نے دعا کروائی ۔