رحیم یار خان، 06 ستمبر (اے پی پی ): یوم دفاع و شہداء کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ،ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے ضلعی افسران کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔پنجاب پولیس اور ریسکیو 1122 کے چاک و چوبند دستوں نے سبز ہلالی پرچم کو سلامی پیش کی۔
یوم دفاع و شہداء پاکستان کی تقریب میں شہداء پاکستان اور ان کے لواحقین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ۔سکولز و کالجز کے طلباء نے ملی نغمے ، تقاریر سے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے کہا یوم دفاع پاکستان قومی تاریخ کا درخشاں باب ہے۔6 ستمبر 1965 کی جنگ میں افواج پاکستان نے ازلی دشمن بھارت کو عبرتناک شکست دے کر شجاعت و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج اورپوری پاکستانی قوم نے غیر معمولی جرات اور بے مثال جذبے کا مظاہرہ کیا۔ 6 ستمبر ہماری تاریخ میں غیر متزلزل قومی عزم، پیشہ وارانہ مہارت اور جذبہ حب الوطنی و قربانی کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مادرِ وطن کے بہادر بیٹوں نے دشمن کے خلاف بے خوفی سے لڑتے ہوئے تاریخ کا روشن باب رقم کیا،قوم ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے جنہوں نے دفاعِ وطن کا فریضہ ادا کرتے ہوئے اپنی جانیں نچھاورکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افواج نے قوم کی مکمل حمایت سے پاکستان کے خلاف ناپاک عزائم کو ناکام بنایا،پاکستان کی فتح قومی جذبے اور اتحاد کی وجہ سے ممکن ہوئی۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احمد رضا بٹ، اسسٹنٹ کمشنر وقاص ظفر ،ڈی ایس پی چولستان رینجرز ، ڈی ایس پی سٹی آصف رشید ، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر ریاست علی ،سی ای او ایجوکیشن چوہدری اسلم اعجاز ، سول سوسائٹی اور طلباء نے شرکت کی۔











