ڈیرہ غازی خان کے چاروں اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤں شروع کرنے کا فیصلہ

11

ڈیرہ غازی خان،07ستمبر(اے پی پی): حکومت پنجاب نے بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجادحسن خان اور کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس کے دوران ریجن کے چاروں اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤں شروع کرنے اور اس حوالے سے ڈی پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز کو میپکو حکام کے ساتھ میٹنگ کر کے واضح حکمت عملی ترتیب دینے کے احکامات جاری کیے گئے ۔

اجلاس میں کمرشل اور گھریلو بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ بڑے بجلی چوروں کے خلاف موثر آپریشن کرنے اور بجلی چوری کی سرپرستی کرنے والے سرکاری ملازمین و افسران کے خلاف بھی سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ۔ انڈسٹریل یونٹس، زرعی ٹیوب ویل اور دیگر بجلی چوری پر کارروائی کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

اجلاس میں  کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کی روک تھام قومی مقصد ہے، بجلی چوری کا بوجھ عام صارف کو اٹھانا پڑتا ہے، شہری بجلی چوروں کی اطلاع دیکر  قومی مہم میں حکومت کا ساتھ دیں،بجلی چوری کی اطلاع دینے والوں کا نام صیغہ راز میں رکھا جائیگا۔

 کمشنر نے کہا کہ بجلی صارفین کو بھی میپکو حکام ریلیف فراہم کریں، صارفین کو بجلی میٹرز کی بروقت فراہمی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں۔

 اس موقع پر آر پی او نے کہا کہ ڈی جی خان پولیس نے 560 مقدمات درج کرکے 429 بجلی چور گرفتار کئے گیے ہیں جن میں سے 422 بجلی چوروں چالان کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کیخلاف آپریشن میں پولیس اور انتظامیہ میپکو ملازمین کومکمل معاونت فراہم کریگی۔

اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران ،ڈپٹی کمشنر ز ،ایس ای واپڈا اور دیگر افسران شریک ہوئے۔