اوکاڑہ،07ستمبر(اے پی پی ):چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد نے کہا ہے کہ بچے کسی بھی قوم کا اثاثہ ہوتے ہیں اور انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کیونکہ تعلیمی ترقی ہی معاشی، معاشرتی اور سیاسی استحکام کے لئے بنیاد فراہم کرتی ہے، تعلیم اور ہنرہی قومی ترقی کے لئے ضروری اجزاء فراہم کرتے ہیں،تعلیم ہی انسانی معاشرے میں شعور و آگاہی کی شمع روشن کرتی ہے جس سے ہم سب کے لئے آسانیاں پیدا ہوتی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم خواندگی کے سلسلہ میں گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول میں منعقدہ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ روائتی تعلیم سے محروم طبقات کے لئے محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم ایک نعمت ہے طالبعلموں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں اساتذہ کا کردار سب سے بنیادی اور اہم ہے۔
قبل ازیں ڈی او لٹریسی ملک سلیم حیدرنےخطبہ استقبالیہ میں ضلع میں محکمہ خواندگی کی کارکردگی سے متعلق بتایا۔سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمدارشد نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم سے محبت اس شعبہ کی ترقی کی ضمانت ہے ہر پاکستانی پڑھا لکھا ہو جس کے لئے ضروری ہے کہ تمام افسران اساتذہ اور معاشرہ کے صاحب رائے لوگ تعلیم کے پیغام کو گھر گھرپہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ طالبعلموں کی پیشہ وارانہ ترقی ملک میں معاشی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی ملک سلیم حیدرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع اوکاڑہ میں پانچ سو نان فارمل بیسک ایجوکیشن پرائمری سکولز چل رہے ہیں جہاں طلبہ کی تعداد ساڑھے سولہ ہزار سے زائد ہے،تعلیم بالغاں کے لیے چھ ماہ کے لیے سنٹر بنائے گئے تھے جو مقررہ مدت کے بعد بند ہوچکے ہیں ،ٹرانس جینڈر اور شیلٹر ہوم خواتین، ڈسٹرکٹ جیل کے لیے بھی سنٹر بنائے گئے تھے۔
تقریب میں نان فارمل سکولوں کے طلبہ و طالبات نے یوم خواندگی کے حوالے سے ٹیبلو اور نغمے پیش کیے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ڈاکٹر محمد ارشد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی ملک سلیم حیدرو دیگر نے لٹریسی سٹاف، جماعت پنجم کے امتحانات میں پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ دکھانے والے اساتذہ اور بچوں میں سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کیے،بعد ازاں آگہی واک کی گئی جسکی قیادت چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ڈاکٹر محمد ارشد نے کی۔











