بورے والا،08 ستمبر(اے پی پی ): میپکو ڈویژن بورے والا نے پولیس کی مدد سے بجلی چوروں کے خلاف مشترکہ گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا۔
بجلی چوروں اور بجلی بلوں کے نادہندگان کے خلاف آپریشن کے حوالے سے ایکسیئن میپکو ڈویژن بورے والا اکرم جاوید اور ڈی ایس پی محمد عمر فاروق نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران بجلی چوروں اور نادہندگان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے لئے بھر پور کارروائیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف مختلف ٹیموں کے ذریعے گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شرمندگی یا کارروائی سے بچنے کے لئے بجلی چوری بند کرکے اپنے ذمہ واجبات فوری ادا کریں ورنہ سخت کارروائی ہوگی، بجلی چور قومی مجرم ہیں اور ملکی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں جو کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں جبکہ ایک ارب سے زائد کے واجبات کی وصولی ہر ممکن یقینی بنائیں گے۔











