لاہور،08 ستمبر ( اے پی پی ):نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈاکٹر جاوید اکرم، شاہدرہ میں تھیلیسیمیاء کے دو متاثرہ بچوں کے گھر پہنچ گئے، متاثرہ بچوں کی والدہ پروین بی بی نے وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی سے طبی امداد کی درخواست کی تھی۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب تھیلیسیمیاء کے دو متاثرہ بچوں مہوش اور عادل کے مکمل علاج و معالجہ کے اخراجات برداشت کرے گی، دونوں متاثرہ بچوں کے علاج و معالجہ کیلئے جناح ہسپتال کے سینئر پروفیسروں اور ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ہم متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں، بطور پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج بھی متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل کورڈی نیشن میں تھا۔
اس موقع پر سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ظہور حسین، ڈی جی مدثر ریاض ملک، ایڈیشنل سیکرٹری عامر شفیق، ڈائریکٹر لاہور مبشر جاوید اور ڈپٹی ڈائریکٹر اشرف جنجوعہ بھی موجود تھے۔











