کمشنر لاہور کی زیر صدارت بجلی چوری کیخلاف ایکشن پلان کے حوالے سے اجلاس

10

لاہور، 8 ستمبر ( اے پی پی ) : کمشنر محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت بجلی چوری کیخلاف ایکشن پلان کے حوالے سے اہم اجلاس  منعقد ہوا۔ اجلاس میں لیسکو کے نادہندگان سے ریکوری کیلیے ریونیو افسران کو تحصیلدار ریکوری کے اضافی اختیارات دینے اور لاہور سمیت پوری ڈویژن میں بجلی چوری کیخلاف سخت ترین آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا کہ بجلی چوری اور نادہندگان کیخلاف استغاثوں پر ایف آئی آرز فورئ طور پر درج ہونگی، لیسکو کی نادہندہ 22سب ڈویژنز اور 830 فیڈرز میں کسی کو رعایت نہیں ملے گی، نادہندہ و بجلی چوری والے علاقوں، دیہاتوں اور تحصیلوں میں مساجد سے ایکشن کے حوالے سےاعلانات کرائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ لیسکو کے استغاثے کیمطابق مکمل گرفتاریاں ہوں، لیسکو کیطرف سے کوئی شکایت نہیں آنی چاہئیے، بل نادہندگی اور بجلی چوری کیخلاف ایکشن کے پہلے مرحلے میں بڑے مگرمچھوں کو پکڑا جائیگا۔

کمشنر نے مزید کہا کہ بجلی چوری میں ملوث کسی فرد کو رعایت نہیں ملے گی، واپڈا ملازم پر بھی ایف آئی آر درج ہوگی۔

اجلاس میں ڈی سی لاہور رافعہ حیدر۔سی ای او لیسکو شاہد حیدر، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عبدالسلام عارف، ایڈیشنل کمشنر اشتمالیات حامد ملہی، ایڈیشنل کمشنرریونیو عثمان غنی، چیف انجینیر لیسکواعجاز احمد ،ویڈیو لنک کے ذریعے ڈی سیز اور ڈی پی اوز نے شرکت کی ۔