اسلام آباد،9ستمبر (اے پی پی):امریکا میں رہنے والے پاکستانیوں نے یوایس ایڈکے ذریعہ پاکستان میں مزید44 ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کااعلان کیاہے۔ یہ اعلانات یوایس ایڈکے زیراہتمام ”انویسٹ ان پاکستان”کے موضوع پرمنعقدہ کانفرنس کے دوران کئے گئے۔ امریکا میں مقیم 4 پاکستانی بزنس گروپوں نے اس ضمن میں مفاہمت کی چاردستاویزات پردستخط کئے۔مزید 40 ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کے بعد امریکا میں مقیم پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کاحجم 200 ملین ڈالرتک پہنچ جائیگی۔
سروینز گروپ لمیٹد نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں روزگارکی فراہمی کیلئے 5 ملین ڈالر، پاک فوڈزایل ایل سی گروپ اینڈ نسٹ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں 9 ملین ڈالر، الیکٹرک کاروں کی مقامی پیداوار کے شعبہ میں جزویری انویسٹمنٹ کارپوریشن 5 ملین ڈالر اور نوجوانوں کوسیمی کنڈکٹرز اورچپ ڈیزائننگ کی تربیت کیلئے گلوبل سیمی کنڈکٹرز گروپ نے 5 ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کا اعلان کیاہے۔
کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں امریکا کے سفیر سفیر ڈونلڈ بلوم نے یو ایس پاکستان ڈائسپورا کے قابل قدر کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وہ سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں سرونز لمیٹڈ، پاک فوڈز،جزویری اور گلوبل سیمی کنڈکٹر کو مبارک با دپیش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تجارتی ادارے پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے امکانات کو دریافت کر رہے ہیں اور وہ پر امید ہیں کہ یہ شراکت داریاں پاکستان کی معیشت اور لوگوں کے لیے ثمرآور ثابت گی۔ آج کی کانفرنس میں زیر غور آنے والے تین موضوعات مصنوعی ذہانت ، برقی گاڑیاں اور سیمی کنڈکٹرٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری، پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحال مستقبل کے لیے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔
واضح رہے کہ ” پاکستان میں سرمایہ کاری کریں” کانفرنس کا مقصد امریکی سرمایہ کاروں اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان سرمایہ کاری کو مہمیز دینا تھا ۔ اس کانفرنس کے شرکا کی تعداد تین سوسے زیادہ تھی جن میں پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم، یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر کیٹ سوم وونگسری، وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی عمر سیف، پاکستانی نژاد امریکی شہریوں اورپاکستان کی نمایاں کاروباری شخصیات شامل تھیں۔
یہ کانفرنس بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی کاوشوں کے سلسلے کی ایک کڑی تھی ۔ گزشتہ دس ماہ کے دوران پاکستان میں امریکی مشن نے یو ایس پاکستان ڈائسپورا کی سربراہی میں پاکستان میں لگ بھگ بیس کروڑ ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری اور عطیات کے بہا میں معاونت کی ہے۔











