ڈیرہ غازی خان ، 11 ستمبر (اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجادحسن خان اور کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس کا منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران حوالہ ہنڈی کے ذریعے غیرقانونی طور پر رقوم کی منتقلی، گندم، چینی کی ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری، کھاد و زرعی ادویات میں ملاوٹ اورناجائز منافع خوری سمیت ایرانی تیل و دیگرمصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔
اس موقع پر آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کاکہنا تھا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق ڈی جی خان ڈویژن میں حوالہ ہنڈی کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا گیا ہے اور ایرانی پٹرول و ڈیزل کی اسمگلنگ اور بجلی چوروں کے خلاف آپریشنز جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ چینی اور آٹا کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں اور کھاد و زرعی ادویات میں ملاوٹ اور ناجائز منافع خوری کرنے والے دوکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
آر پی او نے ضلعی سربراہان کو احکامات جاری کیئے کہ ریجن بھر میں غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن میں ایف آئی اے ،کسٹم ، واپڈا، محکمہ زراعت سمیت دیگر محکموں کی مکمل معاونت کی جائے۔
اجلاس میں ڈیرہ غازیخان، مظفر گڑھ، لیہ، راجن پور کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران، ڈپٹی کمشنرز، سکیورٹی ایجنسیز کے ڈویژنل سربراہان سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔











