ملتان ؛ میٹرک امتحان 2023 ءمیں بہترین کارکردگی کے حامل طلباءوطالبات اور انکے اساتذہ میں سرٹیفکیٹس اور ایوارڈز تقسیم

9

ملتان،20ستمبر(اے پی پی): ڈائریکٹوریٹ سکینڈری ایجوکیشن سکولز جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام تقریب تقسیم سرٹیفکیٹس اور ایوارڈز کا انعقاد کیا گیا ،جس کے مہمان خصوصی سیکرٹری سکول ا یجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خاں تھے۔ تقریب میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خاں نے میٹرک امتحان 2023 ءمیں بہترین کارکردگی کے حامل طلباءوطالبات اور انکے اساتذہ میں سرٹیفکیٹس اور ایوارڈز تقسیم کئے ۔

 سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خاں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچے ہمارا مستقبل ہیں، ہمیں اپنے بچوں کی بہترین خطوط پر آبیاری کرنی ہے، پوزیشن حاصل کرنے والے تمام طلبہ وطالبات مبارکباد کے مستحق ہیں، پنجاب حکومت بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے، جنوبی پنجاب کے سکولوں نے پنجاب بھر کے مقابلے میں بہترین نتائج دیئے، طلباءوطالبات اور اساتذہ داد تحسین کے مستحق ہیں، ہمارے اساتذہ ہمارے ہیرو ہیں۔

 اس دوران طلباءوطالبات نے اپنی اپنی کامیابی کی کہانیاں بھی سنائیں، ڈی پی آئی سکولزسکینڈری ایجوکیشن زاہدہ بتول نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی کامیابی کا یہ پہلا قدم ہے، ہمارے نوجوان ہی ہمارا اثاثہ ہیں، ہمیں اپنے طلبہ کو مستقبل کے لئے تیار کرنا ہے،انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کا انعقاد گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسو ہائیر سیکنڈری سکول گلگشت کالونی میں کیا گیا۔

 اس موقع پر ڈی پی آئی سیکنڈری ایجوکیشن زاہدہ بتول ، چیئرمین ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ ملتان حافظ محمد قاسم، ڈی پی آئی ایلیمنٹری پرویز اقبال ، ڈویژنل ڈائریکٹر سیکنڈری محمد قمر لودھی، ڈویژنل ڈائریکٹر ایلیمنٹری محمد سلیم بھٹی، ڈویژنل ڈائریکٹر ایلیمنٹری خواتین تسلیم اختر، ایڈیشنل ڈائریکٹرز ڈاکٹر ماہ جبیں، شہباز چودھری، ڈسی ای او ایجوکیشن وہاڑی چوہدری محمد سعید، سی ای او مظفر گڑھ طارق حبیب فاروقی، ڈی ای او سیکنڈری ملتان شیخ محمد رفیق، ڈی ای او سیکنڈری ایجوکیشن وہاڑی شازیہ انور، جنوبی پنجاب کے اضلاع کے سی ای اوز اور ڈی ای اوز بھی موجود تھے۔