لاہور، 22ستمبر(اے پی پی): پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال2023-24 ءکے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اٹھارہویں اجلاس میں پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر سیکٹر کی 4ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 17ارب 41کروڑ 60لاکھ 51ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے ۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ افتخار علی سہو نے کی، صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، کینسر جیسی غیر متعدی بیماریوں کی روک تھام اور کنٹرول (ترمیمی) کیلئے 2ارب 19کروڑ 40لاکھ 54ہزار روپے، ایچ آئی وی / ایڈز کنٹرول پروگرام پنجاب (فیز II) (ترمیمی) کیلئے 5ارب 33کروڑ 72لاکھ 97ہزار روپے، وزیر اعلیٰ پست قد پروگرام (ترمیمی) کیلئے 5ارب 27کروڑ 98لاکھ 41ہزار روپے اور وزیراعظم صحت پروگرام (ترمیمی) کیلئے 4ارب 60کروڑ 48لاکھ 59ہزار روپے شامل ہیں۔
اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ نادر چٹھہ سمیت چیف اکانومسٹ پی اینڈ ڈی، محکمہ جات کے اعلیٰ افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔











