پشین،23ستمبر( اے پی پی):بلوچستان کے مختلف اضلاع کی طرح ضلع پشین میں بھی پشتون ثقافت کا عالمی دن منایا گیا۔ اس حوالے سے مرکزی تقریب پشتونخواملی عوامی کے زیر اہتمام اولسیار شہید پارک کے سبززار میں منعقد ہوئی جہاں پر پشتون کی تاریخ کے حوالے سے مختلف اسٹالز لگائے گئے، اسٹال میں پرانے زمانے میں قبائل کے زیر استعمال ہونے والی اشیاء رکھی گئی۔ لوگ پرانی ثقافتی اشیاء دیکھ کر خوف لطف اندوز ہوئے۔
ضلعی میئر سردار اکبر ترین اور دیگر نے اسٹالز کا معائنہ کیا۔ پشتون نوجوانوں نے پشتون ثقافت کو اجاگر کرنے کےلیے روایتی پگڑی پہنی، اتن اور ملی نغمے پیش کیئے۔
اس موقع پر میئر سردار اکبر خان ترین، عبدالمناف ایڈووکیٹ اور دیگر نے کہاکہ ثقافتی دن منانے کا مقصد نوجوانوں نسل کو اپنی تاریخ ، لباس اور دیگر قبائلی روایات سے روشناس کروانا ہے۔
تقریب میں قبائلی عمائدین، وکلاء، سول سوسائٹی کے نمائندوں، سرکاری آفیسران اور بچوں سمیت تمام طبقات کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔











