بورے والا،23 ستمبر(اے پی پی): سو کلو گندم کی بوری اٹھا کر دو سو میٹر ریس کا مقابلہ،46 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے مزدورعلی ہارون آبادی نے جیت لیا۔
غلہ منڈی کے آڑھتیوں شیخ جاوید،شیخ عدیل،شیخ سلمان اور ٹھیکیدار شوکت علی کی طرف سے مون کاٹن فیکٹری میں مختلف اضلاع کے مزدوروں کے مابین سو کلو گرام وزنی گندم کی بوری کندھوں پہ اٹھا کر 200 میٹر دوڑ کے مقابلہ جات منعقد ہوئے جس میں 20 سے زائد مزدوروں نے حصہ لیا۔اس منفرد دوڑ کے مہمان خصوصی صدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی چوہدری احتشام داود تھے، 200 میٹر بوری دوڑ کا یہ مقابلہ علی ہارون آبادی نے 46 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے جیت لیا جبکہ وہاڑی کے چھما بھٹی نے یہ دوڑ 50 سیکنڈ میں مکمل کرکے دوسری،بورے والا کے حق نواز نے 52اور کالو بھٹی نے52:15 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کی.
مہمان خصوصی نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 30 ہزار نقد انعام اور ٹرافی،دوسری پوزیشن پر 20 ہزار اور ٹرافی،تیسری پوزیشن کے لئے 10 ہزار اور ٹرافی جبکہ چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے مزدور کو 5 ہزار نقدی اور ٹرافی دی۔











