بورے والا؛بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم میں 20 گرفتار،71 مقدمات درج

22

 

بورے والا،23 ستمبر(اے پی پی): ایکسیئن میپکو وسیم اختر نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف مہم کے دوران 71 بجلی چوروں کے خلاف مختلف سب ڈویژنوں میں مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ 20 بجلی چوروں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔بجلی چوروں پر جرمانہ کی صورت میں ایک لاکھ 28 ہزار یونٹ ڈالے گئے ہیں ، جرمانہ کی رقم 55 لاکھ 70 ہزار روپے بنتی ہے، 24 لاکھ روپے جرمانہ کی رقم وصول کی جاچکی ہے، 31 لاکھ 60 ہزار جرمانے کی رقم ابھی بقایا ہے اور 7 مقدمات ابھی درج ہونے ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے بتایا کہ  آج تک کسان اتحاد کے ٹیوب ویل صارفین سے وہاڑی سرکل میں 11 ارب سے زائد کی رقم واجب الاوصول ہے جس میں سے بورے والا ڈویژن کے ٹیوب ویل صارفین کے ذمہ سوا تین ارب سے زائد کے واجبات وصول کرنے ہیں، ان واجبات کی ہر ممکن وصولی یقینی بنائی جائے گی اور بجلی چوروں کے خلاف مہم آخری بجلی چور پکڑے جانے تک جاری رہے گی۔

ایکسیئن میپکو وسیم اختر نے کہا کہ 10 لاکھ تک کے نادہندگان سے ہر ماہ کرنٹ بل کے ساتھ 10 فیصد رقم وصول کی جائے گی، 15 لاکھ اور اس سے اوپر کے نادہندگان سے 15 فیصد بقایاجات کی رقم ہر ماہ کرنٹ بل کے ساتھ وصول کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بل جمع نہ کروانے والوں کے کنکشن منقطع کرکے ٹرانسفارمرز اتار لئے جائیں گے۔