نارروال ،25 ستمبر(اے پی پی): آقائے نامدارﷺ ،سید الانبیاءﷺ،محسن انسانیت ﷺ،رحمت اللعالمین ﷺکی ولادت باسعادت کو شایان شان انداز سے منانے کے لئے گلی محلوں اور مساجد کو سجانے کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ نجی سکولوں کے ننھے طلباءوطالبات نے نبی آخر الزماںﷺ سے والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے تاریخ ساز ریلی نکالی۔
ریلی ریلوے پھاٹک سے شروع ہو کر میزائل چوک ،اللہ ہو چوک سے ہوتی ہوئی ریلوے سٹیشن پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں مدنی جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور رسول اللہﷺ کی آمد مرحبا، آمد مصطفیﷺ مرحبا کے فلک شگاف نعروں کی گونج سے سارے شہرکی فضا معطر ہوگئی۔
اس موقع پر علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کسی مخصوص طبقہ کے نبی نہیں بلکہ تمام جہانوں کے لیے رحمت بن کر آئے ہیں ۔وہ محسن انسانیت ﷺہیں ،اسوہ حسنہﷺ پر عمل پیرا ہوکرہی دین ودنیا میں فلاح پائی جا سکتی ہے، ہمیں رسول اللہ ﷺکی بنیادی تعلیمات کو عام کرنا ہے۔
جلوس کے اطراف میں فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے اور ریسکیو کی گاڑیاں بھی کسی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے جلوس کے ساتھ ساتھ گشت کرتی رہیں ۔