بھکر،25 ستمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کی مکمل نگرانی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، اس سلسلہ میں آج خانسر چوک اور سرائے مہاجر پر تجاوزات کو ختم کیا گیا اور ساتھ ہی دکانداروں کو وارننگ جاری کی گئی ہے کہ وہ متعین کردہ سرکاری حدود لائن ہرگز کراس نا کریں اور شہر میں تجاوزات کے اسباب پیدا نا کریں بصورت دیگر سخت ایکشن لیا جائے گا ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے دکانوں کے سامنے ریڑھی کھڑی کرنے پر بھتہ وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف موقع پر کارروائی کرتے ہوئے انکی گرفتاری کے احکامات جاری کردیے۔انہوں نے کہا کہ کسی دکان دار کو ہرگز اجازت نہیں دیں گے کہ وہ سرکار کی جگہ پر ریڑھی کھڑے کرنے کیلئے بھتے وصول کرے۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے جہان خان پر تجاوزات کے خاتمہ کے بعد کی گئی شجرکاری کا بھی معائنہ کیا اور خصوصی تاکید کی کہ متعلقہ دوکاندار ان پودوں کی بطور خاص دیکھ بھال جاری رکھیں اور ایک ذمہ داری شہری ہونے کا ثبوت دیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھکر ہمارا ہے ہم سب نے ہی اس کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھانے ہیں یہاں سڑکیں کشادہ اور صاف ستھری ہونگی تو ہی لوگوں کو بے ہنگم ٹریفک کی دشواریوں سے بچایا جائے گا۔











