بورے والا، 25 ستمبر(اے پی پی): میپکو ڈویژن بورے والا کی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کاروائیاں مزید تیز ہوگئیں،90 بجلی چور رنگے ہاتھوں پکڑ کر 55 لاکھ جرمانہ عائد کردیا اور مقدمات درج کروائے۔
ایکسیئن میپکو ڈویژن بورے والا وسیم اختر نے اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف پولیس کی مدد سے کاروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں اب تک 90 بجلی چوروں کو ڈائریکٹ بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ کر انکے خلاف مقدمات درج کروانے کے علاوہ انہیں مجموعی طور پر 55 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے اسکے علاوہ ٹیوب ویلز کے نادہندگان کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے ایک ارب سے زائد کی رقم بقایا جات کی شکل میں وصول کرلی ہے جبکہ مجموعی طور پر نادہندگان کےذمہ ساڑھے تین ارب روپے کے بقایا جات ہیں ،کسان اتحاد کے نام سے ادائیگیاں نہ کرنے والے ان مافیاز سے مکمل بقایا جات کی وصولی یقینی بنائی جائے گی اور کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا دباؤ ہرگز قبول نہیں کریں گے نادہندگان سے ایک ایک پائی وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کروائیں گے اور بجلی چوروں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کریں گے اس موقع پر واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک لیبر ہوئین زونل چیئرمین شاہد باری چوہان،ساجد علی اور رانا مبشر حسن بھی موجود تھے۔











