گوادر،26 ستمبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے منگل کو ادارہ ترقیات گوادر میں قائم انڈس ہسپتال کا دورہ کیا،انہوں نے ہسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، او پی ڈی اور لیبارٹری شامل سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ اور صفائی کی صورتحال اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ مریضوں کو ہرممکن طبی سہولت فراہم کی جائے۔ انڈس ہسپتال کے ایچ او سی برگیڈیئر ڈاکٹر آفتاب نے ہسپتال سے متعلق تفصیلی بریفگ دی ۔ وزیر اعلیٰ نے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت مریضوں کو مفت علاج کی فراہمی کےلئے کثیر فنڈز فراہم کر رہی ہے جس کا مقصد شہریوں کو صحت عامہ کی بہترین اور معیاری سہولتوں کو یقینی بنانا ہے،حکومت کی جانب سے صحت عامہ کی سہولتوں میں خاطر خواہ اضافے کے بعد سرکاری ہسپتالوں پر عام آدمی کا اعتماد بڑھا ہے ۔ میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ مریضوں کے علاج معالجے کےلئے ادویات کی دستیابی اور لیبارٹری ٹیسٹ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے انڈس ہسپتال میں بچوں کے ایمرجنسی وارڈ کا بھی افتتاح کیا۔
اس موقع پر نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری حافظ عبدالباسط، ادارہ ترقیات گوادر کے ڈائریکٹر جنرل مجیب الرحمٰن قمبرانی، کمشنر مکران ڈویژن سیعد احمد عمرانی ،ڈپئی کمشنر گوادر اورنگزیب بادینی اور اسٹنٹ کمشنر محمد نوید عالم سمیت دیگر حکام بھی دورے کے موقع پر ان کے ہمراہ تھے ۔











