ایڈیشنل چیف سیکرٹری ثاقب ظفر کاجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سائیٹ کا دورہ ، منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا

9

 ملتان، 27ستمبر(اے پی پی ):زیر تعمیر سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کامنصوبہ بڑی تیزی کے ساتھ تکمیل کی طرف گامزن ہے، سیکرٹریٹ کے فرنیچر کی خریداری کے لئے ٹیکنیکل منظوری دے دی گئی ہے جس پر  114 ملین روپےخرچ کئے جارہے ہیں،سیکرٹریٹ اور جی او آر میں سٹریٹ لائٹ  پولز نصب کردئے گئے، سیکرٹریٹ میں فائبر آپٹک پر مشتمل ڈیٹا ایکسچینج کے قیام کے لئے این ٹی سی کو21.8 ملین روپے کی ادائیگی کردی گئی ہے جبکہ پی ایچ اے کو لینڈ سکیپنگ کی مد میں 29.33 ملین روپے کی پہلی قسط جاری کردی گئی ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لئے متی تل روڈ پر واقع سیکرٹریٹ سائیٹ کا دورہ کیا۔انہوں نے آفس سٹاف کے لئے تعمیر کئے گئے ورکنگ اسٹیشنز اور سائلین کی انتظار گاہ کا معائنہ کیا اور سیکرٹریز اور دیگر افسران کے لئے  مجوزہ دفاتر کا بھی دورہ  کیا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے آئی ڈیپ کے حکام سے سیکرٹریٹ کا پہلا بلاک انتظامیہ کے حوالے کرنے کی ٹائم لائن طلب کر لی۔انہوں نے کہا  کہ چیف سیکرٹری پنجاب نے دسمبر تک منصوبہ مکمل کرنے کا حکم دیا ہے اس لئے منصوبے کو مجوزہ وقت میں مکمل کرنے کے لئے لیبر اور مشینری میں اضافہ کیا جائے۔

 کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ نئے سیکرٹریٹ میں دفاتر کا قیام کارپوریٹ کلچر کے آفسسز کی طرز پر لایا جائے گا جس کے کشادہ ہالز تعمیر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے  سیکرٹریٹ کے لئے فرنیچر کی خریداری کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

 آئی ڈیپ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیکرٹریٹ بلڈنگ کا سول ورک سو فیصد مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ پہلے بلاک میں گلاس ورک اور فرنیچر فکسنگ کے بعد دفاتر انتظامیہ کے حوالے کردئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جی او آر میں روڈ کارپیٹنگ ایک ہفتے میں شروع کردی جائے گی۔پراجیکٹ ڈائریکٹر نے مزید  بتایا کہ سیکرٹریٹ کی باونڈری وال 80 فیصد مکمل کر لی گئی ہے۔

اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر فیصل زمان اور آئی ڈیپ کے دیگر حکام بھی ان کے  ہمراہ تھے۔