سکھر؛ فاطمہ پھرڑوکا واقعہ بہت بڑا ظلم ، ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچا کر عبرت کا نشان بنائینگے،چیئرمین پرسن این سی ایس ڈبلیو

10

 سکھر،27ستمبر(اے پی پی):چیئرپرسن این سی ایس ڈبلیونیلو فر بختیار نے پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ درندگی کا شکار معصوم فاطمہ پھرڑو کا واقعہ بہت بڑا ظلم ہے، ملزمان کو قانون کے تحت منطقی انجام تک پہنچاکر عبرت کا نشان بنائیں گے۔انہوں نے  کہا کہ معصوم بچیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کو روکنے کے دو موثر طریقے ہیں ایک تو ملزمان کی ضمانتیں نا ہوں ، کیس منطقی انجام تک پہنچے اور انصاف کے تقاضے پورے ہوں، دوسرا ہر علاقے میں معیاری تعلیم عام ہو ہم نے فاطمہ پھرڑو کے گاؤں کا دورہ کیا جہاں اسکول میں کوئی بنیادی سہولیات موجود نہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں سندھ میں انفراسٹرکچر اور تعلیم کا نظام ناقص ہے،شعور کے بغیر ہدف حاصل کرنا کیسے ممکن ہے۔

مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے نیلوفر بختیار کا کہنا تھا کہ پولیس کی کارکردگی یہ رہی ہے کہ اب تک ملزم کے لیپ ٹاپ کو ڈی کوڈ ہی نہیں کیا گیا اور پولیس کے افسران خود ملزم کو موبائل فون کی سہولت فراہم کررہے ہیں یہ افسوسناک ہے، ہم ہر قیمت پر فاطمہ پھرڑو کے اہلخانہ کو انصاف اور تحفظ فراہم کرائیں گے۔