ملتان ،27 ستمبر(اے پی پی ): آئی جی موٹر وے پولیس سلطان خواجہ نے کہا ہے کہ روڈ یوزرز کی بر وقت مدد کو یقینی بنا یا جائے اور ٹریفک حادثات کی رو ک تھام کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار آئی جی موٹر وے پولیس سلطان خواجہ نے ملتان دورے کے دوران کیا ۔ ایڈیشنل آئی جی علی احمد صابر کیانی اور دیگر موٹروے پولیس افسران نے ان کا استقبال کیا۔ آئی جی موٹر وے پولیس نے ایڈیشنل آئی جی علی احمد صابر کیانی، ڈی آئی جی موٹر وے محمد سلیم اور دیگر موٹروے پولیس افسران سے میٹنگ کی۔آئی جی موٹر و وے نے محکمانہ کارکردگی کا جائزہ لیا اور مزید بہتری لانے کے لئے ہدایات جار ی کیں۔
بعد ازاں آئی جی موٹر وے پولیس نے اجلاس عام میں شرکت کی اور ا ہلکاروں کے مسائل کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ آئی جی موٹر وے پولیس نے این ایچ اے اور ایف ڈبلیو حکام سے میٹنگ کی۔ٹریفک مانیٹرنگ نظام میں مزید بہتری لانے کے اقدامات پراتفاق کیا، میٹنگ میں مسافروں کے موٹر وے پر سفر کو محفوظ بنانے کے لئے عملی اقدامات زیر ِ غور لائے گئے۔
آئی جی موٹر وے پولیس نے شیر شاہ انٹرچینج کے قریب زیر ِتعمیر موٹر وے پولیس کمپلیکس کا دورہ کیا، تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور بر وقت تکمیل کے لئے ضروری ہدایا ت دیں۔ اپنے دورہ میں آئی جی موٹروے نے ترنڈہ محمد پناہ پر قائم آئی ٹی ایس سنٹر کا بھی دورہ کیا اور مصنوئی ذہانت کے نظام کے ذریعے روڈ ٹریفک مانیٹرنگ کے بارے میں بریفنگ لی اور اس سسٹم کو مزید بہتر بنانے کے لئے ہدایا ت جاری کیں۔
بعد ازاں میڈیا نمائندگان کے ساتھ آئی جی موٹر وے پولیس سلطان علی خواجہ نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ موٹروے پولیس کا شمار ملک کے بہترین کارکردگی کے حامل اداروں میں کیا جاتا ہے، بلندیوں کے اس سفر میں موٹروے پولیس کے افسران کی شب و روز کی محنت شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موٹر وے پولیس کا مشن ہے کہ قومی شاہراہوں کو حادثات سے محفوظ بنایا جائے۔
آئی جی موٹروے کا مزید کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک مانیٹرنگ کے نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے











