صحبت پور،29 ستمبر(اے پی پی ): سرکار دوعالم فخر دوجہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکی ولادت با سعادت کے حوالہ سےبلوچستان کےضلع صحبت پوراور اس کے گردونواح میں بھی ریلیوں ، جلوس اور محافل کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔
مرکزی جلوس غوثیہ مسجدسے برآمد ہوا اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا میرعمران گولہ کرکٹ گراٶنڈپر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے راستوں پر عاشقان مصطفیﷺ نے لنگر و نیاز کا اہتمام کیا گیا اور جلوس پر گل پاشی کی گئی فضا لبیک یا رسول اللہ اور سرکار کی آمد مرحبا ﷺ کے نعروں سے گونجتی رہی۔
جلوس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکی ولادت کے حوالے سے سیرت نبیﷺ پر روشنی ڈالی۔ جلوس میں سول سوسائٹی سمیت سیاسی سماجی مذہبی کاروباری شخصیات سمیت عاشقان رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ جلوس کے ہمراہ محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ پولیس کی بھاری نفری بھی موجود رہی۔