ساہیوال،03 اکتوبر ( اے پی پی ): پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان نے کہا ہے کہ بریسٹ کینسر خواتین میں اموات کی ایک بڑی وجہ ہے جس کے بروقت علاج سے اسے نہ صرف پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے بلکہ مکمل صحت یابی بھی ممکن ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین اس بیماری کی علامات ظاہر ہوتے ہی ڈاکٹر سے رجوع کریں اور مرض چھپانے کی بجائے اس کا علاج کروائیں۔
انہوں نے یہ بات ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں سرجیکل وارڈ 3کے زیر اہتمام بریسٹ کینسر آگاہی واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بریسٹ کینسر سے بچاؤ ایک چیلنج ہے جس سے نمٹنے کا واحد ذریعہ خواتین میں اس بیماری سے متعلق آگہی اور شعور کا ہونا ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اختر محبوب نے بتایا کہ ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں بریسٹ کینسر سکریننگ کی سہولت موجود ہے جہاں خواتین کو خود تشخیصی کی تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے۔
واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے میڈیکل وارڈ 3کے سربراہ ڈاکٹر زاہد ستار نے خواتین پر زور دیا کہ وہ بریسٹ کینسر کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوراً ڈاکٹر سے مشورہ کریں کیونکہ ابتدائی مرحلے میں اس خطرناک بیماری کا علاج ممکن ہے۔
واک کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بریسٹ کینسر سے متعلق آگہی دی گئی تھی۔
واک میں ڈاکٹر نثار احمد سعیدی، ڈاکٹر ہارون گیلانی، ڈاکٹرمحمد سلیم، ڈاکٹرساجد مصطفی، ڈاکٹرشاہد علی اور ڈاکٹرفرخ شہزاد سمیت فکیلٹی ممبران اور پیرامیڈیکل سٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔











