ملتان،03 اکتوبر(اے پی پی):وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے، 13اضلاع میں واجبات/بقایاجات کی عدم ادائیگی پر 900سے زائد ٹیوب ویلوں کے ٹرانسفارمرز اُتارلئے گئے، نادہندہ کاشتکاروں کے ذمہ 75کروڑروپے سے زائد واجبات ہیں، 7ستمبر تا 2اکتوبر2023ء کے دوران 3036ٹیوب ویل صارفین سے 71کروڑ71لاکھ روپے وصول کئے گئے۔68ہزار486گھریلو نادہندہ صارفین سے 62کروڑ 89لاکھ روپے، 4ہزار816نادہندہ کمرشل صارفین سے 5کروڑروپے، 502نادہندہ صنعتوں سے 11 کروڑ 79لاکھ روپے اور 190دیگر کیٹگریز کے نادہندگان سے 45لاکھ روپے وصول کئے گئے۔
اب تک مہم میں 77ہزار276رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے وصول کردہ رقم ایک ارب 53کروڑ94لاکھ روپے ہوگئی۔لودہراں میں 7لاکھ58ہزارروپے کے نادہندہ زرعی صارف نے ایس ڈی او سمیت ٹیم کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ڈیفالٹر محمد ایاز نے 3نامعلوم افراد کے ہمراہ مزاحمت کی اور ٹرانسفارمر اُتارنے پرگالم گلوچ کی۔ ٹیم کے ارکان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔پولیس کی موجودگی میں ٹرانسفارمر اُتارکر قبضہ میں لیاگیا۔ ٹرانسفارمر اُتارنے پر ڈیفالٹر دوبارہ دفتر پہنچ گیا اور لائن سپریٹنڈنٹ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔نادہندہ ٹیوب ویل صارف محمد ایاز اور ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے درخواست دیدی گئی۔
بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم میں ایک روز میں میپکو ریجن میں 70صارفین بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔42لاکھ 53ہزارروپے جرمانہ عائدکیاگیاجبکہ 6بجلی چورموقع سے گرفتارہوئے۔ بوریوالہ میں ڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری پکڑی جانے پر صارف مشتعل ہوگیا۔ سیٹلائٹ ٹاؤن سب ڈویژن بوریوالہ کے علاقہ227/EBکے رہائشی منیراحمد نامی صارف نے چوری میں استعمال ہونے والی تاریں اُتارنے پر مزاحمت کی جس پر کارسرکار میں مداخلت اور بجلی چوری پر مقدمہ درج کروادیاگیا۔ کینٹ سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیاگیاجبکہ ممتازآبادسب ڈویژن سے 2بجلی چوروں کو گرفتار کروایا۔











