مظفر گڑھ؛ڈی جی خان ڈویژن کے مراکز صحت میں طبی سہولیات کی بہتری کیلئے عملی اقدامات ،کمشنر کا ضلعی صدر ہسپتال اچانک دورہ

26

مظفر گڑھ،5 اکتوبر( اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کی ہدایت پر ڈی جی خان ڈویژن کے مراکز صحت میں طبی سہولیات کی بہتری کےلئے عملی اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں ،کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ضلعی صدر ہسپتال مظفر گڑھ کا اچانک دورہ کیا۔وارڈ کے بدترین معاملات اور خواتین کو فرش پر بیٹھا دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کی باز پرس کی۔ ایم ایس ڈی ایچ کیو مظفر گڑھ سے تحریری طور پر وضاحت طلب کرلی۔

انہوں نے ہسپتالوں میں مرد اور خواتین لواحقین کےلئے الگ انتظار گاہ کا انتظام کرنے کے احکامات جاری کردئیے، کمشنر نے مظفر گڑھ ہسپتال کے مختلف شعبے دیکھے،ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری چیک کی،ادویات کی مفت فراہمی اور میڈیکل ٹیسٹ کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی۔

کمشنر ڈی جی خان نے مریض،لواحقین اور میڈیکل سٹاف سے معلومات لیں،کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ہسپتالوں میں بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں،بیڈ شیٹ صاف،ہسپتال میں صفائی اور ڈیوٹی روسٹر کی مطابق حاضری یقینی بنائی جائے،ڈیوٹی روسٹر اور شکایات سیل کے رابطہ نمبرز نمایاں جگہوں پر آویزاں کئے جائیں۔