پشاور؛کینٹ اور ورسک ڈویژن پولیس کی بڑی کارروائی،بڑی تعداد میں غیر ملکی شراب بوتلیں برآمد،ملزمان گرفتار

7

پشاور،5 اکتوبر( اے پی پی): کینٹ اور ورسک ڈویژن پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تھانہ مچنی گیٹ کی حدود پوش اور رہائشی علاقہ نجی سوسائٹی میں واقع مکان پر چھاپہ مار کربڑی تعداد میں غیر ملکی شراب کی بوتلیں برآمد کرلیں ۔اس اہم کارروائی کے دوران شہر بھر سمیت رہائشی اور نواحی علاقوں میں شراب سپلائی کرنے میں ملوث دو ملزمان کو بھی گرفتارکرلیا گیا ہے ۔ ایس پی کینٹ وقاص رفیق کے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سب سے بڑے نیٹ ورک کے گرفتار ملزمان میں حسنین اور وسیم شامل ہیں جن کا تعلق مردان سے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کاررروائی کے دوران مجموعی طور پر 930بوتلیں بئیر کین اور شراب برآمد کرنے کیساتھ ساتھ شراب سپلائی میں استعمال کیا جانے والا رکشہ بھی تحویل میں لے لیا ہے ۔ مکروہ دھندے میں ملوث نیٹ ورک نے اپنے مذموم مقاصد کی خاطر رہائشی علاقہ میں کرایہ پر مکان حاصل کیا ہوا تھا۔

کیپٹل سٹی پولیس پشاور کی منشیات ، اسلحہ، شراب اور غیر قانونی اشیاءکی روک تھام کیلئے کریک ڈاون جاری ہے جس کے دوران خفیہ انفارمیشن ملنے پر ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی کی نگرانی میں ایس پی کینٹ وقاص رفیق اور ایس پی ورسک محمد ارشد نے ڈی ایس پی کینٹ ہارون جدون ، ڈی ایس پی امتیاز عالم اور ایس ایچ او تھانہ مچنی گیٹ شیر عالم خان اور ایس ایچ او تھانہ شرقی محمد آصف کے ہمراہ کامیاب کارروائی کے دوران شہر کے رہائشی علاقہ نجی سوسائٹی میں واقع خالی مکان میں بھاری تعداد غیر ملکی شراب قبضے میں لے لی۔ نیٹ ورک کے گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران شراب کی تیاری اور مخصوص ڈیلرز کو سپلائی کا اعتراف کر کے نیٹ ورک میں شامل دیگر ملزمان کے نام بھی بتادیئے ہیں جن کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے ، ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے دوران تفتیش ان سے مزید اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔