پشاور،6 اکتوبر(اے پی پی): پولیس نے سرگرم خطرناک موٹر کار سنیچر، کار لفٹر و چور گینگ کے چار ملزمان گرفتار کرلئے ہیں۔
ملزمان کی گرفتاری کے بعد پریس بریفنگ میں ایس پی رورل ظفر احمد خان نے بتایا کہ خطرناک گینگ کے گرفتار ملزمان میں عزت اللہ، عثمان غنی ، منصورشاہ اور نادرخان شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان پشاور کے مختلف تھانوں کو مختلف مقدمات میں مطلوب ہیں، ان ملزمان کیساتھ اسلحہ کی نوک پر گاڑیاں چھیننے والے سنیچرز کیساتھ ساتھ ریسور اور اونے پونے داموں خرید کر کے سکریپ کرنے والا کباڑی بھی شامل ہے۔ ان گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران سواریوں کی روپ میں ٹیکسی گاڑی بک کرا کر راستے میں اسلحہ کی نوک پر وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
ایس پی رورل ظفر احمد خان نے کہا کہ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ان کے قبضے سے 8عدد عدد مسروقہ گاڑیاں ، مختلف پارٹس اور گاڑیاں فروخت کرکے اس کے عوض حاصل کی گئی رقم بھی برآمد کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے برآمد شدہ گاڑیوں کے اصل مالکان معلوم کرکے ان کو چابیاں حوالہ کرنا شروع کردی ہیں۔
ظفر احمد خان نے کہا کہ ملزمان نے دوران تفتیش گینگ کے دیگر ملزمان کے بھی نام اگل دیئے ہیں جن کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع بھی کی جا رہی ہے۔











