رحیم یار خان،6اکتوبر( اے پی پی): انسداد پولیو مہم کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے شہر میں قائم مختلف ٹرانزٹ پوائنٹس کے دورے کئے، انہوں نے نے ٹرانزٹ پوائنٹس پر موجود عملے سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ٹرانزٹ پوائنٹ پر پانچ سال سے کم عمر مسافر بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے، جن بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جاچکے تھے ان کی فنگر مارکنگ چیک کی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فہد افتخار بھی ہمراہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے کہا کہ ٹرانزٹ پوائنٹس پر موجود عملہ ہر پبلک ٹرانسپورٹ کو سختی سے مانیٹر کرے،پانچ سال سے کم عمر تمام مسافر بچوں کو پولیو سے بچاوکے قطرے پلائیں جائیں، ضلع میں پانچ روزہ پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 11 لاکھ 3789 بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر ہے۔
انہوں نے کہا کہ چار روز کے دوران 10 لاکھ 90 ہزار 358 بچوں کو پولیو سے بچاوکی ویکسین پلائی جا چکی ہے، پولیو مہم کے دوران 23 ہزار 39 خانہ بدوش خاندانوں کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے۔











