نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس آئیں گے؛ محمد آصف

32

 

سیالکوٹ،07 اکتوبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف 21 اکتوبر کو اپنے وطن واپس آئیں گے اور چوتھی مرتبہ ملک کے وزیراعظم بنیں گے اور تمام مسائل حل کریں گے، 2013ء سے لیکر 2017ء تک کا (ن) لیگ کا دور حکومت بہترین دور تھا جس میں ملک ترقی کر رہا تھا، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے اس دور کو روکا نہ جاتا تو آج نہ اس طرح کی مہنگائی ہوتی اور نہ ہی بجلی کے بل اتنے آ رہے ہوتے کیونکہ اس وقت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہزاروں میگاووٹ بجلی پیدا کر کے قومی گریڈ سٹیشن کو دی جس سے اس وقت لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چار سالہ دور میں ملکی معیشت کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا گیا جسے سنبھالنے کے لیے ہم نے بہت کوششیں کیں لیکن ابھی تک کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے لیکن ہم پرعزم ہیں کہ ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں ضرور کامیاب ہو جائیں گے۔

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ 2017ء میں جب محمد نواز شریف کی حکومت تھی تو روٹی 5 روپے کی تھی، 65 روپے لٹر پٹرول تھا، ڈالر 100 روپے کا تھا، آٹا 35 روپے کلو جبکہ چینی 52 روپے کلو میں دستیاب تھی، اس کے علاوہ اس وقت نواز شریف نے 65 لاکھ لوگوں کو روزگار بھی فراہم کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد محمد نواز شریف کو جان بوجھ کر پانامہ میں پھنسایا گیا اور اپنے ہی بیٹے سے تبخواہ نہ لینے پر انہیں نااہل قرار دے دیا گیا اور اس سے بھی بڑھ کر زیادتی یہ کی گئی کہ ان سے اپیل کا حق بھی چھین لیا گیا جس کا حساب پاکستانی عوام آئندہ انتخابات میں لیں گے اور پھر سے نواز شریف اور انکی جماعت کو کامیاب بنائیں گے۔