بھکر،07اکتوبر(اےپی پی): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد نوید کی زیر صدارت ڈی پی او آفس میں کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں ڈی پی او محمد نوید، ایس پی انویسٹیگیشن محمد اکرم خان ،ایس ڈی پی اوز و ایس ایچ اوز نے شرکت کی ۔
ڈی پی او نے میٹنگ میں موجود تمام پولیس افسران کو ہدایت کی کہ زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد میرٹ پر یکسو کیا جائے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات پر منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو مزید موثر بنایا جائے اور منشیات فروشی میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ڈی پی او محمد نوید نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ گرفتار منشیات فروشوں کو بہترین اور پروفیشنل پراسیکیوشن سے قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے،تمام ایس ایچ اوز سائلین کی داد رسی کے لیے شام 4 سے 6 بجے تک اپنے اپنے تھانہ جات میں حاضر رہیں گے تاکہ سائلین کو انصاف کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ قتل اور اقدام قتل کے مقدمات کو جلد از جلد میرٹ پر یکسو کریں اور ان مقدمات میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنائیں، ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث ڈکیتوں اور سابقہ ریکارڈ یافتگان کے خلاف کاروائیوں میں تیزی لائیں، موٹر سائیکل چوری کے واقعات کی روک تھام کے لیے موٹر سائیکل چوری میں ریکارڈ یافتہ ملزمان کے خلاف کارروائیاں کریں،تمام ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کرائم پریوینشن ایپ کے استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جاسکے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے خصوصی احکامات پر قائم کردہ خدمت مراکز، تحفظ مراکز، اور میثاق سینٹرز کو مزید فعال بنائیں تاکہ ان سینٹرز سے زیادہ استفادہ حاصل کیا جاسکے، اشتہاری مجرمان کے خلاف سخت کارروائیاں کی جائیں ،اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے جدید تکنیکی ذرائع استعمال کیے جائیں تاکہ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔











