ڈیرہ غازی خان،08اکتوبر(اے پی پی): کمشنر ڈی جی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے وائلڈ لائف پارک میں واٹر سپلائی کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے تین روز کے اندر بحال کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں ۔ کمشنر ڈیرہ غازیخان نے کہا ہے کہ وائلڈ لائف پارک میں پانی کا مسئلہ فوری پر حل کیا جائے اور اس کی تین یوم میں رپورٹ جمع کرائی جائے۔
اس حوالے سے وائلڈ لائف پارک کی انچارج اسسٹنٹ ڈائریکٹر سدرتہ المنتہیٰ نے وضاحت کی ہے کہ وائلڈ لائف پارک کے جانوروں کو کم اور کڑوا پانی دینے کی خبروں میں صداقت نہیں،ریچھ سمیت تمام جانوروں کو ایس او پیز کے مطابق پانی اور خوراک دی جاتی ہے،فلڑیشن پلانٹس سے جانوروں کو باقاعدگی سے پانی دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کی ٹیم وائلڈ لائف پارک میں باقاعدہ جانوروں اور پرندوں کی دیکھ بھال کرتی ہے اور کوئی بھی جانور پیاسا زندہ نہیں رہ سکتا اور اس وقت وائلڈ لائف پارک کے تمام جانور صحت مند ہیں۔











