لاہور،08اکتوبر(اے پی پی ): نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ اعلی تعلیم اور جدید تحقیق کے ذریعے ملک کو ترقی اورخوشحالی کی راہ پر ڈالا جا سکتا ہے، پاکستان میں سائنسی موضوعات پر بین الاقوامی کانفرنسز سے دوسرے ممالک کے تجربات سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی بین الاقوامی کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور ری ہیبلیٹیشن اہم شعبہ جات ہیں، پاکستان میں الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور بحالی کے شعبوں میں کام کرنے والوں کی کمی ہے۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے اپنے کہا کہ نجی یونیورسٹیاں اور ادارے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کی تیاری کے لئے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگریزی ذریعہ تعلیم کی وجہ سے ہمارا بہت زیادہ ٹیلنٹ ضائع ہو جاتا ہے۔جرمنی، روس، چین، ترکی، ایران اور عرب ممالک نے اپنی مقامی زبان میں پروفیشنل تعلیم دے کر ترقی کی ہے۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ اعلی تعلیم اور جدید تحقیق کے ذریعے ملک کو ترقی اورخوشحالی کی راہ پر ڈالا جا سکتا ہے۔پاکستان میں سائنسی موضوعات پر بین الاقوامی کانفرنسز سے دوسرے ممالک کے تجربات سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔انھوں نے کہا کہ رفاہ یونیورسٹی میں معیاری تعلیم کے ساتھ طلباوطالبات کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
کانفرنس میں وائس چانسلر رفاہ یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد، ڈیننز، ڈائریکٹرز، غیر ملکی مندوبین اور سکالرز نے بھی شرکت کی۔بعد ازاں ڈاکٹر جمال ناصر نے کانفرنس کے سپانسرز میں اعزازی شیلڈز تقسیم کیں۔











