ڈیرہ غازی خان؛ کمشنر کا وائلڈ لائف پارک کا دورہ ، جانوروں کی صورتحال اور سہولیات کا جائزہ

24

ڈیرہ غازی خان ،09اکتوبر(اے پی پی): کمشنر  ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے وائلڈ لائف پارک کا دورہ کر کے جانوروں کی صورتحال اور سہولیات کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ڈیرہ غازیخان وائلڈ لائف پارک کی صورتحال میں فوری طور پر بہتری لائی جائے اور پرندوں، جانوروں کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جائے۔

اس موقع پر کمشنر نے پرندوں اور جانوروں کی پنجروں کو کھلواکر معاملات کا جائزہ لیا، اس کے علاوہ گوشت سے بدبو آنے پر تحقیقات کا بھی حکم دیا۔انہوں نے جانوروں اور پرندوں کی پانچ سالہ انوینٹری طلب کرنے کے ساتھ جانوروں و پرندوں کی تعداد میں کم اور ان کے بچے نظر نہ آنے پر انکوائری کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ اس کی چوری ثابت ہونے پر مقدمات اور گرفتاریاں ہوں گی۔

کمشنر نے وائڈ لائف پارک کے افسران و ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری کے بھی احکامات دئیے اور انچارج کو اپنا آفس بھی وائلڈ لائف پارک کے اندر منتقل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے واٹر سپلائی لائن اور پانی کے برتن بھی چیک کئے اور وائلڈ لائف پارک کے معلوماتی و سائن بورڈ کی تحریر واضح کرنے کی ہدایت کی۔

کمشنر نے واٹر ٹینک کی مرمت ہنگامی بنیادوں پر کرانے کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی طور پر میٹھا پانی واٹر ٹینک تک پہنچایا جائے اور میٹھے پانی کی مسلسل فراہمی کےلئے زیر زمین گہرا کنواں اور کنکشن کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بے زبان جانور کی صحت اور خوارک پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

کمشنر ڈی جی خان نے وائلڈ لائف پارک کی کینٹین کو بھی چیک کیا اور فوڈ اتھارٹی کی طرف سے کینٹین کی اشیاء کی چیکنگ کے احکامات دئیے اور کہا کہ کچن اور دیگر مقامات پر صفائی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہدایات پر دی گئی مدت کے اندر عملدرآمد نہ ہونے پر کینٹین کا ٹھیکہ منسوخ کردیا جائے۔انہوں نے وائلڈ لائف پارک میں ڈسٹ بن رکھوانے،درختوں اور جھاڑیوں کی کانٹ تراش،چڑیا گھر کے سائن بورڈ،گرل دوبارہ پینٹ اور تحریر واضح کرنے کے بھی احکامات دئیے۔کمشنر نے چڑیا گھر میں موجود لوگوں سے بھی معلومات لیں۔

اس موقع پرایس ڈی او بلڈنگ ،انچارج وائلڈ لائف پارک سدرتہ المنتہی، وٹنری ڈاکٹر کے علاوہ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن و ڈی جی پی ایچ اے کریم بخش بھی ان کے ہمراہ تھے۔