کاشتکاروں کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان دھرمو باوانی

37

ٹنڈومحمدخان ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان دھرمو باوانی نے کہا کہ کاشتکاروں کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی، رائس ملز مالکان چاول کی کٹوتی سمیت دیگر معاملات پر قابو پائیں، شکایت ملنے پر بھرپور کارروائی کی جائے گی، یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس ہال ٹنڈومحمدخان میں کاشتکاروں اور رائس ملز مالکان کے وفد کے اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔

 اجلاس میں  کاشتکاروں نے چاول کو مارکیٹ نرخ سے کم قیمت پر خرید کرنے سمیت مواسچر کی مد میں کٹوتی کرنے کی شکایات کیں، ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے، چاول ہمارے ملک کی دوسری بڑی فصل ہوتی ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع کی تمام رائس ملز سمیت چاول کے تاجر کاشتکاروں سے دھان کی خریداری کرتے وقت کسی قسم کی زیادہ کٹوتی نہیں کریں گے جبکہ تمام رائس ملوں کے پاس خریداری کے وقت چاول میں نمی چیک کرنے کے لیے ایک ہی قسم کی (kat) مشین پر مواسچر چیک کر کے خریداری کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر نے مواسچر کی حد 20 فیصد مقرر کی۔

 اجلاس میں ڈپٹی کمشنر  نے محکمہ ویٹ اینڈ میئرمینٹ (ناپ تول) کے افسران کو ہدایت کی کہ ضلع بھر کے تمام کمپیوٹرائزڈ و دیگر کانٹوں کی چکاس کا عمل یقینی بنایا جائے۔

 اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ٹنڈومحمدخان اعجاز علی جتوئی، میر کاظم رضا تالپور، عبدالکریم جت، سندھ آبادگار مجید نوتکانی، تاجر برادری ضلع ٹنڈو محمد خان کے صدر حاجی شبیر میمن، سلیم گدی، محکمہ زراعت، محکمہ ویٹ اینڈ میئرمینٹ، محکمہ اطلاعات کہ علاوہ رائس ملز کے مالکان و کاشتکاروں سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔