نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا دورہ ، سہولیات کا جائزہ لیا

63

لاہور،9اکتوبر  (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا دورہ کیا۔انہوں نے ایمرجنسی وارڈ کا  معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے کچن کا بھی معائنہ کیا اورمنعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔

صوبائی وزیرڈاکٹر جاوید اکرم نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کی کارکردگی و ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ عبداللہ اور پروفیسر ڈاکٹر علی مدیح ہاشمی  نے صوبائی وزیر کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں داخل مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے آگاہ کیا۔

نگران صوبائی وزیرڈاکٹر جاوید اکرم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ مینٹل ہیلتھ کی طبی سہولیات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں داخل مریضوں کیلئے مزید آسانیاں پیدا کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ مینٹل ہیلتھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ  وقت پر مکمل کیا جائے،پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں فزیو تھراپی کا ڈیپارٹمنٹ قائم کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ فی الحال پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ 1530  بستروں پر مشتمل ہے،اس انسٹیٹیوٹ کے ایڈکشن سنٹر کے بستروں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ ذہنی امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج کا پاکستان میں سب سے بڑا ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ ہے اور حکومت انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں داخل مریضوں کو ادویات، ڈائیگناسٹکس، رہائش اور کھانے کی مفت سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ مینٹل ہیلتھ میں ڈاکٹرز کی تعداد کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا،حکومت پی آئی ایم ایچ کے ڈاکٹرز کو رہائش کی سہولت فراہم کرے گی،اس کے ساتھ ساتھ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر کروایا جائے گا۔

ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن زاہدہ اظہر،ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ عبداللہ،پروفیسر ڈاکٹر علی مدیح ہاشمی،ڈاکٹر امجد و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔