لاہور،10اکتوبر(اے پی پی): پنجاب میں ہسپتالوں کی لیبزکا معیار بہتر بنانے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی ہیلتھ ٹیم کے ہمراہ چغتائی لیب پہنچ گئے،چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عمر چغتائی نے وزیراعلیٰ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کا خیر مقدم کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چغتائی لیب کا تفصیلی دورہ کیا،مختلف شعبے دیکھے، لیب میں فراہم کردہ خدمات کا جائزہ لیا اور ٹوکن کے اجراء سے سیمپل کولیکشن اورٹیسٹنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے چغتائی لیب میں ٹیسٹنگ کیلئے مائیکرو بیالوجی مشین سمیت دیگر جدید آلات ومشینری کا معائنہ کیا اور کلینکل پتھالوجی،کلینکل فرانزک اوردیگر ڈیپارٹمنٹ دیکھے۔
ڈاکٹر عمرچغتائی نے وزیر اعلیٰ نقوی کو لیبز کی ورکنگ کے حوالے سےبریفنگ دی۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے چغتائی لیب میں جدیدمشینری اورآلات کے ذریعے معیاری میڈیکل ٹیسٹ کے نظام کو سراہا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں لیبز کو چغتائی لیب کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کی فوری ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ نے ہیلتھ ٹیم کو سرکاری ہسپتالوں کی لیبز کو بہتر بنانے کے حوالے سے ہدایات دیں۔
صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سپیشل سیکرٹری صحت، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، ایم ایس سروسز ہسپتال اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











