اوکاڑہ؛ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ڈی پی او منصور امان کی ملاقات ، ضلعی پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا

14

اوکاڑہ،11اکتوبر (اے پی پی): آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ منصور امان اور ان کی ٹیم نے ملاقات کی، ملاقات میں آئی جی پنجاب نے پولیس اسٹیشن ڈائریز کے سلسلہ میں اوکاڑہ پولیس کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

  ڈی پی او اوکاڑہ نے ضلع میں اغوا برائے تاوان، اندھے قتل، ڈکیتی اور سنگین جرائم کی صورتحال بارے بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ رواں برس اوکاڑہ میں قتل، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرائم کے درج 23 کیسوں میں سے 21کو حل کرلیا گیا۔ اغواء برائے تاوان کے 05 کیس حل کرتے ہوئے 09 ملزمان کو گرفتار کر کے مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروایا گیا جبکہ اندھے قتل کے 08، ڈکیتی کے دوران قتل کے10اور گھر میں ڈکیتی کے21کیسز حل ہوئے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ1625اے کیٹیگری سمیت 4960 اشتہاری ملزمان گرفتار کئے گئے، ڈکیتی کے 35 واقعات حل، 25ملین سے زائد مال مسروقہ برآمد ہوا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے خواتین شہریوں کے تحفظ کیلئے خواتین اہلکاروں کے پٹرولنگ اسکواڈ“ ردا“ کا آغاز کیا، ردا اسکواڈ میں شامل لیڈی پولیس بائیک رائیڈنگ،پٹرولنگ، ہجوم کنٹرول، سیلف ڈیفنس اور فرسٹ ایڈ فراہم کر رہی ہیں۔

ڈی پی او نے مزیدبتایا کہ ایک کروڑ تاوان کیلئے اغوا ہونے والے بچے کو 24گھنٹوں سے کم وقت میں بحفاظت بازیاب کروایا گیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کرائم کنٹرول، شہریوں کو خدمات کی بہترین فراہمی پر اوکاڑہ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورس کو متحرک اور فعال بنانے کے لئے ان کی ویلفیئر اور پروموشن سے نہایت مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

اس موقع پراوکاڑہ پولیس کے ڈی ایس پیز ایس ایچ اوز، انچارج آئی ٹی، سب انسپکٹر لیڈی عظمت نسیم سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔