ڈیرہ غازی خان؛ ڈی پی اوکا بین الصوبائی چیک پوسٹوں کا دورہ،سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

53

ڈیرہ غازی خان،12 اکتوبر(اے پی پی): ڈی پی او احمد محی الدین نےپنجاب اور خیبر پختونخواہ کے درمیان بین الصوبائی چیک پوسٹوں ترمن،حضرت عمر فاروق، حضرت خالد بن ولید اور تھانہ وہوا کا دورہ کر کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور چیک پوسٹوں پر سکیورٹی اقدامات، تعینات نفری، گاڑیوں، اسلحہ ایمونیشن، مورچوں اور چیکنگ کے مراحل و طریقہ کار سمیت فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لے کرسیکورٹی اقدامات کو مزید سخت کرنے اور موجودہ حالات کے پیش نظر ڈیوٹی پر تعینات اہلکاران کو ہمہ وقت الرٹ رکھنے کے احکامات جاری کیے۔

ڈی پی او نے کہا کہ دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹس، ہیلمٹس سمیت تمام گیجٹس کا استعمال کیا جائے اور تمام چیک پوسٹوں، پکٹوں اور داخلی خارجی راستوں پر مزید سخت چیکنگ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ چیکنگ کےتمام مراحل کی بذریعہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور ریکارڈنگ کی جائے اور تمام داخلی خارجی راستوں کی مکمل نگرانی، مشکوک افراد کی تقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے۔

ڈی پی او احمد محی الدین نے ترمن چیک پوسٹ پر سکیورٹی کے اقدامات، سمارٹ ویری فیکیشن اینڈ الرٹ سسٹم اور اینٹی وہیکل کار لفٹنگ سسٹم سمیت دیگر اہم سافٹ وئیرز کے ذریعے چیکنگ کے مراحل کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا بہتر استعمال کرتے ہوئے چیک پوسٹ سےگزرنے والے تمام شہریوں اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے چیک پوسٹوں پر تعینات جوانوں سے بھی خصوصی ملاقات کر کے جوانوں کی حواصلہ افزائی کی، مشکل حالات میں فرائض کی انجام دہی پر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔

 ڈی پی او نے کہا کہ ضلع بھر میں تمام حساس مقامات، اہم تنصیبات، غیر ملکی شہریوں، مذہبی عبادت گاہوں اور چیک پوسٹوں پر سخت سکیورٹی کے اقدامات کیئے گئے ہیں اور بین الصوبائی ، بین الاضلاعی چیک پوسٹوں، تھانوں پر پولیس کی اضافی نفری اور ماہر سنائپرز تعینات کردیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حساس علاقوں میں پولیس کےدیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ موثر حکمت عملی کے تحت سرچ اور کومبنگ آپریشن جاری ہیں۔