جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ رہائشی  کالونی کی بہتری کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا:ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب

19

ملتان 12اکتوبر(اے پی پی ):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے  پنجاب گورنمنٹ سرونٹ ہاوسنگ سکیم ملتان کے مکینوں کی سہولیات کی  عدم دستیابی بارے شکایات پر ہاوسنگ سکیم کا دورہ کیا۔

سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب انجینئر امجد شعیب خان ترین اور گورنمنٹ سرونٹ ہاوسنگ سکیم کے پراجیکٹ ڈائریکٹران کے ہمراہ تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنا گھر ہر فرد کا خواب ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین اپنی عمر بھر کی جمع پونجی گورنمنٹ سرونٹ ہاوسنگ فاونڈیشن کو جمع کراتے ہیں اس لئے طے شدہ معاہدے کے مطابق ریٹائرڈملازمین کو بہترین رہائشی سہولیات کی فراہمی فاونڈیشن کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہاوسنگ سکیم کی مقامی انتظامیہ  سہولیات بارے مکینوں کی شکایات کا ازالہ کرے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا  ہاوسنگ سکیم  مسجد کی سہولت سے محروم ہے۔ کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے ہدایت کی کہ کالونی میں فوری طور پر مسجد کی تعمیر شروع کی جائے اور کالونی کے پارکوں کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہاوسنگ سکیم میں ایم ڈی کی مستقل تعیناتی کے لئے حکومت سے سفارش کی جائے گی اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ رہائشی  کالونی کی بہتری کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہاوسنگ سکیم اور میپکو کے مابین گرڈ اسٹیشن کے ایشوز کو حل کیا جائے گا۔ پنجاب گورنمنٹ سرونٹ ایمپلائز ہاوسنگ فاونڈیشن کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گورنمنٹ سرونٹ ہاوسنگ سکیم 2600 کنال اراضی پر محیط ہے اور سکیم کے2481 پلاٹوں میں سے 1900 پلاٹ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو الاٹ کئے جا چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کالونی میں 14پارک تعمیر کے جارہے ہیں جن میں سے 6 پارکوں کی تعمیر مکمل ہوگئ ہے۔پراجیکٹ ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ ہاوسنگ سکیم کے لئے 23 مالی اور 22 سیکیورٹی گارڈز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جامع مسجد کی تعمیر کے لئے پی سی ون تیار کرلیا گیا ہے جس کے مطابق جامعہ مسجد کی تعمیر پر27 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔