بھکر ,12 اکتوبر (اے پی پی):ضلعی انسداد سموگ ایکشن پلان پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جائے اس ضمن میں سیاہ دھواں چھوڑنے والے بھٹہ ہائے خشت کو ہرگز چلنے کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے ضلعی انسداد سموگ ایکشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے ضلعی محکمہ ماحولیات کی انتظامیہ کو احکامات جاری کئے کہ بھٹہ ہائے خشت کو جدید ٹیکنالوجی پر چلانے کیلئے بھٹہ مالکان کو خصوصی وارننگ جاری کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ احکامات کی عدم تکمیل پر بھٹہ مالکان پر بھاری جرمانے اور ایف آئی آرز درج کی جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے ماحولیات کے افسران کو مزید احکامات جاری کئے کہ وہ بھٹہ ہائے خشت کی ضلع بھر میں مانیٹرنگ کیلئے ایک خصوصی پلان مرتب کرکے رپورٹ پیش کریں تاکہ اس پلان کی روشنی میں تسلسل کیساتھ تمام بھٹہ ہائے خشت کی نگرانی کا عمل جاری رکھا جاسکے۔











