بصارت سے محروم ڈیلی ویجر ملازمین کو دو ماہ کی تنخواہیں فراہم کی جائیں گی، نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم

11

لاہور۔12 اکتوبر( اے پی پی ): نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے الحمراء میں ورلڈ وائٹ کین سیفٹی ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال عرفان گوندل، ڈپٹی ڈائریکٹر اشرف جنجوعہ اور بصارت سے محروم افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔بصارت سے محروم بچوں نے خوبصورت انداز میں پرفارمنس بھی پیش کیں۔نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کی حوصلہ افزائی کیلئے تقریب کے انعقاد پر محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی انتظامیہ کو مبارکباد اور شاباش دیتا ہوں۔بصارت سے محروم افراد ہمارے خاندان کا حصہ ہیں۔ بصارت سے محروم افراد کو اس معاشرے میں حقوق دلوانے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومتوں کے پاس قانون بنانے کا اختیار نہیں ہوتا۔نگران حکومت کے دوران بصارت سے محروم افراد کا ایک بھی احتجاج نہ ہونے کا کریڈٹ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کو جاتا ہے،مذاکرات سڑکوں پر نہیں بلکہ ہمیشہ ٹیبل پر بیٹھ کر ہوتے ہیں۔ بصارت سے محروم افراد پنجاب کے 29 مختلف محکمہ جات میں ملازمت کر رہے ہیں۔ منظوری کے مطابق بصارت سے محروم ڈیلی ویجر ملازمین کو دو ماہ کی تنخواہیں فراہم کی جائیں گی،کونسل فار پیپل ود ڈس ایبیلٹی کا قانون ابھی تک فعال نہ تھا۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت پنجاب نے دو ہفتے پہلے اس کونسل کے اجلاس میں ڈفرنٹلی ایبلڈ افراد کیلئے مزید آسانیاں پیدا کرنے کے فیصلے کئے ہیں۔ اس قانون کے مطابق 12 ذیلی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے ڈفرنٹلی ایبلڈ افراد کو سرکاری ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ بصارت سے محروم افراد کی تمام بنیادی ضروریات کی فراہمی کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔بصارت سے محروم افراد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔