ملتان، 20 اکتوبر (اے پی پی ):عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پاکستان میں تعینات نمائندہ برائے ای پی آئی ڈاکٹر شوکت علی نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا اور پرو وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی و چیئرپرسن شعبہ امراض نسواں پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی سے ملاقات کی ، دوران ملاقات نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے اور انسدادِ پولیو کے قطرے پلانے کے ای پی آئی پروگرام (توسیعی پروگرام برائے امیونائزیشن) کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں ڈاکٹر شوکت علی نے پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی کے ہمراہ نشتر ہسپتال لیبر روم میں حفاظتی ٹیکوں کے لیے قائم کردہ مرکز کا دورہ بھی کیا اور اس حوالے سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر شوکت علی نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی شعبہ امراض نسواں کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے پروفیسر مہناز خاکوانی کی کاوشوں کو سراہا اور تمام تر سہولیات کی بلا تعطل فراہمی اور اس پروگرام کی سو فیصد کوریچ کیلئے اپنے ادارے کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کرائی۔











